لاہور ہائی کورٹ میں دفعہ 144 کا نفاذ چیلنج
پنجاب بھر میں دفعہ ایک 144 کے نفاذ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ آئین کےتحت احتجاج کرنے کا حق استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کےفیصلے کےخلاف لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔
دائر درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاہے،درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہےکہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کےلیے کیا گیا۔
درخواست گزار کاکہنا تھاکہ آئین کے تحت احتجاج کرنا کوئی غیرقانونی اقدام نہیں ہے،آئین کے تحت احتجاج کرنے کاحق استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالت عالیہ پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹی فکیشن پر عملدرآمد روکنے کاحکم دے۔
محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ، ریلی کی اجازت دینے سے صاف انکار
واضح رہےکہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں 3 دن کےلیے دفعہ 144 نافذ کی تھی جس کا اطلاق 23 سے 25 نومبر تک ہو گا۔
نوٹی فکیشن کےتحت صوبے میں 3 روز تک ہر قسم کے احتجاج،جلسے،جلوس، ریلیوں،دھرنوں اور عوامی اجتماعات سمیت دیگر تمام سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔