اسلام آباد میں چیتا دیکھے جانے کے بعد ٹریل 3 بندکر دی گئی

اسلام آباد کے گاؤں سید پور میں ایک چیتا دیکھے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ٹریل 3 کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے اور شہریوں خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں سے علاقے میں اکیلے سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ ضلعی حکام کا کہنا تھا کہ چیتے کا موجودہ ٹھکانہ ڈھونڈنے کے بعد راستہ کھول دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹریل کو بند کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب کچھ موٹر سائیکل سواروں نے چیتے کو دیکھ کر تیز رفتاری سے بھاگنے کی کوشش کی اور توازن کھونے کے بعد گر کر زخمی ہوگئے۔ موٹر سائیکل سواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 2 یا 3 لوگوں پر مشتمل گروپ کی شکل میں سفر کریں اور علاقے میں پیدل سفر سے گریز کریں۔
اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیندوے کو اس کی آبادی سے دور اس کی اصل جگہ پر بھیجنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ تاہم انتظامیہ نے رہائشیوں سے نہ گھبرانے کی درخواست کی ہے جب کہ پولیس اور محکمہ جنگلی حیات کے رضا کار چیتے کو آبادی سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اہل علاقہ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 15 کو اطلاع دیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عملے کو 24 گھنٹے علاقے میں موجود رہنے اور علاقے کو چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تیندوہ رہائشی علاقوں یا دیہات سے دور رہے۔
اکاؤنٹ بحال ہونے کے باوجود ٹرمپ کا ٹوئیٹرپرجانے سے انکار
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کی زندگی کا تحفظ اور مارگلہ ہلز کی جانب جانے والی سڑکوں پر محفوظ سفر یقینی بنانا شہری ادارے کی ترجیح ہے۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے بھی علاقے میں چیتوں اور تیندووں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے اور اسے ایک کامیابی قرار دیا جب کہ گزشتہ کئی برسوں سے علاقے میں تیندوے نہیں دیکھے گئے تھے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے جنگلی جانوروں کو علاقے کی جانب راغب کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق علاقے میں نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس اور جنگلی حیات کے اہلکاروں نے سید پور گاؤں کو گھیرے میں لے لیا اور مساجد سے اعلانات میں لوگوں کو گھروں میں محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔اسلام آباد، مری، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں تیندوے دیکھے گئے ہیں جب کہ اس کے انسانوں اور جانوروں پر حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
