چین کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت،ایران کی حمایت کااعلان کردیا

چین نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایران کی حمایت کا اعلان کردیا۔
چین کے وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ حالت پر ایران اور اسرائیلی وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔اس گفتگو کا مقصد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو یقین دلایا کہ آپ کے جائز حقوق اور مفادات کے دفاع میں آپ کا ساتھ دیں گے۔
وزیر خارجہ وانگ یی نے مزید کہا کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے لیے تمام فریقین کو تحمل اور صبر کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے بھی گفتگو کی اور دوٹوک انداز میں باور کرایا کہ ایران پر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین تمام ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ موجودہ تنازع کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات چیت عالمی برادری کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ اس تنازعے میں امن کا داعی اور متوازن ثالث بننے کا خواہاں ہے۔
مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چین علاقے میں اپنا سفارتی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔