چینی وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل کی ملاقات ، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ مؤقف ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ غیریقینی عالمی حالات کے باوجود مضبوط پاک چین تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کےلیے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے فائدہ مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے۔ وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور آج یہ ایک مضبوط روایتی دوستی میں ڈھل چکے ہیں۔ وانگ ژی کے مطابق، چین عالمی امور میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ چین پاکستان کا ’’آہنی دوست‘‘ ہے، اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری چٹان کی مانند مضبوط ہے اور پوری پاکستانی قوم چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اپنا متفقہ مؤقف سمجھتی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں چین کے قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کےلیے پرعزم ہے۔ فیلڈ مارشل کے مطابق، پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
