ایک کھلاڑی کیساتھ آئیں اور ٹرافی لے جائیں: محسن نقوی کا بھارتی خط پر سخت جواب

ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کی جانب سے ایشیا کپ 2023 کی ٹرافی کی حوالگی کے مطالبے پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے جواب دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو ایک باضابطہ خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ ایشیا کپ 2023 کی ٹرافی بھارتی ٹیم کو دی جائے، کیونکہ بھارت نے ایونٹ کا فائنل جیتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے بھارتی خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی بورڈ کو ٹرافی چاہیے تو دبئی میں ایک رسمی تقریب منعقد کرتے ہیں، جس میں وہ آ کر باقاعدہ طور پر ٹرافی وصول کر سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ ٹرافی کسی کھلاڑی کے ذریعے وصول کی جا سکتی ہے، لیکن ذاتی طور پر کسی نمائندے یا عہدیدار کو تقریب میں شرکت کرنی ہوگی۔

اے سی سی ذرائع کے مطابق، ٹرافی کی حوالگی کی تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2023 کا فائنل بھارت نے جیتا تھا، مگر بھارتی ٹیم یا بورڈ کی جانب سے ٹرافی کی وصولی کے لیے محسن نقوی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ اس پر محسن نقوی نے ٹرافی کو واپس ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر بھیج دیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ "اگر بھارتی کپتان یا بورڈ کو ٹرافی چاہیے، تو میرے دفتر آئیں اور لے جائیں۔” ان کے اس مؤقف کو بھارتی میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں خاصی توجہ ملی۔

Back to top button