ٹرمپ نے ایران کو ایک بارپھرتباہ کرنے کی دھمکی دیدی

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ شاید ہم ایران کو تباہ کردیں یا معاہدہ کرلیں،لیکن فیصلہ کرنے کا وقت قریب آرہا ہے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاملہ کسی نہ کسی طرح بہت جلد ختم ہوجائے گا، ایران کے ساتھ جنگ کسی نہ کسی طرح بہت جلد جیت لی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے واشنگٹن ڈی سی کے باہر کوانٹیکو میرین بیس میں فوجی رہنماؤں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی فوجیوں کو ایران کی ’’روایتی دفاعی ڈھال‘‘ اور جوہری عزائم کو مفلوج کرنے کا کریڈٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں موجود ان امریکی فوجیوں اور ان کے ساتھیوں نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت سمیت اس کے پورے دفاعی شعبے کو تباہ کر دیا ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران کی روایتی دفاعی ڈھال مفلوج ہو چکی ہے جبکہ اس کے جوہری عزائم بھی مفلوج ہو کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ آپ لوگوں کا یہ گروپ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
ہیگسیتھ نے کہا کہ پینٹاگون ماضی کے مقابلے میں ’واضح تبدیلی سے گزرا ہے اور اب اس کا واحد مشن جنگ لڑنے کی صلاحیت پر مرکوز ہے۔
