حج کےلیے درخواست دینے والے تین لاکھ افراد کا ڈیٹا ڈارک ویب پر آگیا : چیئرمین پی ٹی اے

چیئرمین پی ٹی اے نے انکشاف کیا ہے کہ حج کےلیے درخواست دینے والے تقریباً تین لاکھ افراد کا ڈیٹا ڈارک ویب پر دستیاب ہوگیا ہے۔
سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں ڈیٹا سکیورٹی سے متعلق تشویشناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے اراکین کو بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ حج کےلیے درخواست دینے والے تقریباً تین لاکھ افراد کا ذاتی ڈیٹا ڈارک ویب پر دستیاب ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا تھاکہ یہ معاملہ 2022 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال انکوائری بھی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سمز کا ریکارڈ کمپنیوں کے پاس ہوتا ہے جب کہ ان کی اپنی سم کا ڈیٹا بھی 2022 سے ڈارک ویب پر موجود ہے۔
دوران اجلاس حکومتی سینیٹر افنان اللہ خان نے انکشاف کیاکہ پاکستان پر بیرونی دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ ڈیٹا سکیورٹی کے تحفظ کےلیے قانون سازی نہ کی جائے۔
قائمہ کمیٹی کے ارکان نے ملک بھر میں موبائل فون سروس کے ناقص معیار اور بار بار کالز ڈراپ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
