مالی سال 26-2025کا بجٹ جون میں پیش کرنے کا فیصلہ

وزارت خزانہ نے نئے مالی سال 26-2025 کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس قبل از وقت بلانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔نیا بجٹ 5 جون سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش ہو سکتا ہے، نئے بجٹ کی منظوری کا عمل عید کی چھٹیوں کے فوری بعد شروع کر دیا جائے گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کی جائے گی، آئی ایم ایف کا مشن مئی کے دوسرے ہفتے کے دوران پاکستان پہنچے گا، بجٹ اہداف پر آئی ایم ایف سے منظوری لی جائے گی۔

دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریزنے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کردیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کے مطابق معاشی ٹیک آف کے موقع پر آنے والا بجٹ مستقبل کا روڈ میپ طے کرے گا۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ گردشی قرضوں کی صورت میں ایک پہاڑ کھڑا ہے جس کا فوری حل ناگزیر ہے۔ سولر پالیسی حکومت اور صارفین دونوں کے مفاد میں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔ معاشی دباؤ میں کمی کیلئے قرضوں پر سود کو ایک مخصوص مدت کیلئے فریز کیا جا سکتا ہے۔  مقامی یا عالمی سرمایہ کاری معاشی مستقبل کیلئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔

Back to top button