چرس کاسگریٹ مانگنےپرتنازعہ،چیئرمین پی ٹی اے کی ایمل ولی سےصلح ہوگئی

سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں چرس کا سگریٹ مانگنے پرنوک جھونک، ایمل ولی نے پشتون روایات کے تحت چیئرمین پی ٹی اے کی معذرت قبول کرلی۔
اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے پشتون روایات کے مطابق گزشتہ دنوں سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی میں ہونے والی نوک جھونک پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا جرگہ قبول کیا۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان باچا خان مرکز پہنچے جہاں ایمل ولی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا، وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، اُس روز بھی معذرت کی تھی اور آج بھی گلہ دور کرنے آیا ہوں۔ ایمل ولی اور اُن کے خاندان کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
ایمل ولی کا کہنا تھاکہ باچا خان مرکز تمام مظلوموں اور پشتونوں کا گھر ہے یہاں جرگے ہوتے ہیں اور پشتون روایات کا پاس رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے جرگے کو قبول کرتا ہوں۔
گزشتہ دنوں سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی اجلاس میں سینیٹر ایمل ولی خان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

Back to top button