امریکا سے امن معاہدہ ہوتے ہی ایران پر ڈالروں کی بارش

ایران کو بیرون ملک منجمد زرمبادلہ اثاثوں کی پہلی قسط موصول ہو گئی ہے، جس کے تحت 3 ارب ڈالر مالیت کی رقم تہران پہنچا دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رجسٹرڈ ایک خصوصی طیارہ ابوظہبی سے روانہ ہو کر تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے پر اترا، جہاں ایرانی زرمبادلہ اثاثوں کی پہلی قسط منتقل کی گئی۔ فضائی نگرانی کے اعداد و شمار کے مطابق پرواز خصوصی انتظامات کے تحت انجام دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم ایران کے بیرون ملک منجمد مالی اثاثوں کی مرحلہ وار بحالی کے عمل کا حصہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق اماراتی حکام نے ایران کے 10 سے 20 ارب ڈالر تک کے اثاثے مختلف مراحل میں جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں حالیہ سفارتی سرگرمیوں اور ایران کے ساتھ جاری بین الاقوامی مذاکرات کے تناظر میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منجمد اثاثوں کی جزوی بحالی ایران کی مالی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مالیاتی تعاون کے ایک وسیع تر فریم ورک کا حصہ ہے، جس کے تحت دونوں ممالک اقتصادی اور مالیاتی روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

Back to top button