پاکستان میں عیدالاضحیٰ7جون کوہوگی،رویت ہلال کمیٹی کااعلان

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نےاعلان کیا ہے کہ پاکستان میں ذوالحج 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا ۔عیدالاضحیٰ7جون کوہوگی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چاند کی رویت سے متعلق اعلان کیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، یکم ذوالہجہ 29 مئی کو ہوگی جب کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون ہفتے کو ہوگی۔ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، محکمہ اسپارکو، موسمیات اور دیگر محکموں کے ممبران شریک تھے۔علاوہ ازیں، زونل رویت ہلال کمیٹیاں بھی عید الاضحیٰ کے چاند کی رویت کے لیے اپنے اپنے متعلقہ صدر دفاتر میں اجلاس میں منعقد ہوا۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے اوائل میں، سپارکو نے ماہ ذی الحجہ 1446 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے ’ سائنسی تجزیے، فلکیاتی ڈیٹا، اور جدید مشاہداتی تکنیکوں’ کی بنیاد پر ایک پیش گوئی جاری کی تھی۔
سپارکو کی جانب سے جای بیان میں کہا گیا تھا کہ ذی الحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی کو ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ عید الاضحیٰ کا تہوار پورے پاکستان میں 7 جون کو منائے جانے کا امکان ہے۔