پاکستان بھر میں الیکشن آج، 12 کروڑ سے زائد افراد ووٹ ڈالیں گے

پاکستان بھر میں انتخابی عمل آج سے شروع ہو رہا ہے، مجموعی طور پر 12 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان کے کل ووٹرز کی تعداد بارہ کروڑپچاسی لاکھ پچاسی ہزارسات سوساٹھ ہے جن میں پانچ کروڑ انسٹھ لاکھ پچیس ہزارنوسوچالیس نوجوان ووٹرزہیں جوکل ووٹرزکا 43.85 فیصد بنتا ہے ان ووٹرز کی عمر 18 سے 35 سال تک ہے۔ نوجوان ووٹرز میں 53.87 مرد اور 6.13 فیصد لڑکیاں شامل ہیں ان انتخابات میں ایک کروڑ بائیس لاکھ 43 ہزار477 وہ نوجوان ہیں جو پہلی بارانتخابی عمل میں حصہ لے رہےہیں یہ کل ووٹرزکا 9.60 فیصد ہیں واضح رہےپہلی بارووٹ کاسٹ کرنے والوں کی شرح ہمیشہ سے کافی ذیادہ رہتی ہے۔2018 کے انتخابات میں 5 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار536 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جوکل ووٹرزکا 52 فیصد تھااگراس باربھی ٹرن آؤٹ کی شرح 50 سے 60 فیصد رہی تو43 فیصد سے زائد نوجوانوں کاووٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
عام انتخابات 2024 کے پُرامن انعقاد کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی تفصیلات سامنے آگئیں، الیکشن کے پرامن ماحول میں انعقاد کے لیے ملک بھر میں کوئیک رسپانس فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے، پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے ایک لاکھ 30 ہزار 882 اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، 23 ہزار 940 سیکیورٹی اہلکار مستقل طور پر الیکشن کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ملک بھر میں پولیس کے 4 لاکھ 65 ہزار 736 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کے ایک لاکھ 6 ہزار 942 اہلکار تعینات ہوں گے۔مجموعی طور پر آرمی، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کے 5 لاکھ 96 ہزار 618 اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔پنجاب میں الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کے 2 لاکھ 16 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 10 ہزار 720، خیبرپختونخوا میں 92 ہزار 535 اور بلوچستان میں 46 ہزار 481 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں انتخابی مہم کا وقت گزشتہ شب رات 12 بجتے ہی ختم ہوگیا تھا جس کے بعد اب کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ کی اجازت نہیں ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے 6 فروری کی رات 12 بجے تک امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے کا وقت دیا گیا تھا جوکہ گزشتہ رات 12 بجتے ہی ختم ہوچکا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مقررہ وقت کے بعد الیکشن مہم، اشتہارات و دیگر تشہیری مواد الیکٹرونک/پرنٹ میڈیا پر نشر کرنے پر بھی پابندی ہے، انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کل 8 فروری کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
