گلگت بلتستان الیکشن: انتخابی مہم کا وقت ختم، ضلع دیامر میں دفعہ 144 کا نفاذ

گلگت بلتستان میں الیکشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ ضلع دیامر میں دفعہ 144 کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات 2026ء کے سلسلے میں 24 حلقوں کےلیے ہزاروں کی تعداد میں انتخابی عملے کو ڈیوٹی پر مامور کیاگیا ہے۔ساڑھے 7 ہزار افسران اور ملازمین کےلیے 27 کروڑ 60 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر کیاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 24 حلقوں کے 24 ریٹرننگ افسران کےلیے 18 لاکھ اعزازیہ مقرر کیاگیا ہے جب کہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کےلیے 12 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔اسی طرح 24 حلقوں میں تعینات 1368 پریزائڈنگ افسران کےلیے ایک کروڑ 64 لاکھ 16 ہزار اعزازیہ اور 2450 اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران کےلیے 2 کروڑ 45 لاکھ اعزازیہ مقرر کیاگیا ہے۔ اسی طرح 2450 پولنگ افسران کےلیے 2 کروڑ 40 لاکھ اعزازیہ مقرر ہوا ہے۔
الیکشن ڈیوٹی پر مامور ایل ڈی سی،یو ڈی سی نائب قاصد سمیت 1360 سرکاری ملازمین کےلیے 20 کروڑ 80 لاکھ روپے اعزازیہ مقرر ہوا ہے۔
دوسری جانب ضلع دیامر میں امن و امان کےتحفظ کےلیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر دیامر نے 60 روزہ پابندیوں کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کےتحت دیامر میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکمنامے کےمطابق پٹاخوں کے استعمال پر بھی 60 روز کےلیے پابندی عائد کی گئی ہے۔تمام اقسام کے ڈرونز اور یو اے ویز کی غیرمجاز پرواز بھی ممنوع قراردی گئی ہے جب کہ ڈرون اڑانے کےلیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا این او سی لازمی قراردیا گیا ہے۔اسی طرح حساس تنصیبات کےتحفظ کےلیے سخت انتظامی اقدامات کیےگئے ہیں۔
گلگت میں ہونے والے الیکشن سے بھارت کو تکلیف کیوں؟
5 جون 2026 سے دفعہ 144 کے احکامات نافذ العمل ہوچکے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔انتظامیہ نے اس سلسلے میں شہریوں سے احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کرتےہوئے بتایا ہےکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ضلع میں عوامی جان و مال کے تحفظ کےلیے خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیےگئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔
