عمران خان کی سہولت کاری پرسابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کو عمران خان کی سہولت کاری کے  الزام میں گرفتار کرلیاگیاہے۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم  اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال پر بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سے تحقیقات جاری ہیں۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی کا بھی الزام ہے۔حساس اداروں کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔تحقیقات کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کے خلاف محکمانہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے پوچھ گچھ کی، دونوں افسران کو حساس اداروں کی سفارش پر 21 جون کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا۔ دونوں افسران پر الزام ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ خصوصی ڈیوٹی کرتے ہوئے سہولت کاری کرتے تھے اور مذکورہ افسران عمران خان کے سیل تک جانے کے مجاز تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کے حوالے سے جاری تفتیش میں حساس اداروں نے دونوں افسران سے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور دونوں افسران کے درمیان رابطوں کے واضح ثبوت بھی سامنے آگئے ہیں جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

Back to top button