فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر پاکستان نے آئی سی سی سے باضابطہ شکایت کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر آئی سی سی کو باضابطہ طور پر ٹی وی امپائر کی شکایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں ٹی وی امپائر عزت اللہ صفی نے فخر زمان کو کیچ آؤٹ (کاٹ بی ہائینڈ) قرار دیا، حالانکہ ری پلے میں گیند کے زمین سے لگنے کے شواہد موجود تھے۔
پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ کے بعد ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے ملاقات میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ کپتان سلمان علی آغا کی جانب سے جمع کرائی گئی میچ رپورٹ میں بھی اس متنازع فیصلے کو واضح طور پر ہائی لائٹ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ نے آئی سی سی امپائرز اور میچ منیجر کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔

ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنے اہم میچ میں ایک غیر معروف اور ناتجربہ کار ٹی وی امپائر کی تعیناتی ایک ناقابلِ فہم فیصلہ تھا۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے امپائر عزت اللہ صفی کے فیصلے نے میچ پر نمایاں اثر ڈالا، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان کا اسکور صرف 21 رنز تھا اور فخر 15 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ فخر زمان کے آؤٹ پر نہ صرف کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تحفظات ظاہر کیے، بلکہ ڈریسنگ روم میں فخر اور ہیڈ کوچ نے بھی اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا "ہمیں لگا گیند زمین سے لگی، مگر فیصلہ امپائرز کا ہوتا ہے، اور ہمیں وہ ماننا پڑتا ہے۔”

Back to top button