نیوٹن واقعی ن لیگ میں ہوتا

تحریر: محمد بلال غوری
بشکریہ: روزنامہ جنگ
حالات کی ستم ظریفی ملاحظہ کیجئے ،آج قومی شاعر علامہ اقبال کے یوم ولادت پر ان کے افکار و خیالات بیان کرنے کے بجائے ایک نوجوان وزیر کے ارشادات کا تذکرہ کرنا پڑ رہا ہے شاید اسی تناظر میں اقبال نے ’’ساقی نامہ ‘‘میں کہا تھا’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘۔تو میں اس نوجوان کے بارے میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ واقعی استاد ہیں۔قبلہ حذیفہ رحمان قریشی وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی ہیں اور وفاقی کابینہ میںبطور وزیر مملکت قومی ورثہ و ثقافت کا قلمدان سنبھالے ہوئے ہیں ۔ یوں تو ان کے اقوال زریں کی فہرست بہت طویل ہوسکتی ہے مگر آج کل موصوف کا یہ دعویٰ زبان زدِعام ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کا آئی کیو لیول معروف سائنسدان آئزک نیوٹن کے قریب ہے ۔ابھی اس دعوے کی گونج باقی تھی کہ قریشی صاحب نے یکے بعد دیگرے کئی بیانات داغ کر پانی میں آگ لگادی ۔فرماتے ہیں کہ نیوٹن زندہ ہوتا تویقیناً مسلم لیگ ن میں ہوتا اور پھر تجویز دی کہ عالی مرتبت شہبازشریف پر پی ایچ ڈی ہونی چاہئے ۔میرا خیال ہے لوگ خواہ مخواہ بات کا بتنگڑ بنا رہے ہیں ۔

حذیفہ رحمان قریشی صاحب نے کسر نفسی سے کام لیا ورنہ حقیقت یہ ہے کہ آئزک نیوٹن ہی کیا ،آئن اسٹائن ،گلیلیو ،ڈارون ،ایڈیسن اور ارشمیدس سمیت جتنے بھی سائنسدان حیات ہوتے ’’میری جند میری جان ‘‘کے نعرے لگا رہے ہوتے ۔آپ نے نکولو میکاولی کا نام توسنا ہوگا۔اطالوی مفکر جنہوں نے بدنام زمانہ کتاب’’دا پرنس‘‘لکھ کر دنیا بھر کے حکمرانوں کوسیاست کے گُر سکھائے ۔مجھے یہ مغالطہ ہوا تھا کہ سولہویں صدی کا یہ بزعم خود دانشور زندہ ہوتا تو آج نونہالان انقلاب کے کاروان میں قیدی نمبر 804کے گن گارہا ہوتا مگر اب میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں اور بلا اکراہ وجبر یہ اعتراف کرتا ہوں کہ نکولو میکاولی نے دوبارہ جنم لیا تو شہبازشریف کی ذاتِ اقدس پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا خواہشمند ہوگا ۔اور اچاریہ رشی کے ہونہار بیٹے وشنو گپت کو کون نہیں جانتا ۔اس عظیم دھرتی کا فرزند جس نے ٹیکسلا میں جنم لیا اور کوٹلیہ چانکیہ کے نام سے شہرت پائی ۔یہ وہ نابغہ روزگار شخصیت ہے جس نے اس خطے کے عظیم حکمران چندرگپت موریہ کے اتالیق کی حیثیت سے ارتھ شاستر جیسی کتاب لکھی ۔میں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ اگر کوٹلیہ چانکیہ پھر سے دنیا میں آئے تو ٹیکسلا کے بجائے ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہونا پسند کرے اور چندرگپت موریہ کا اتالیق بننے کے بجائے شہبازشریف کا رفیق بننے کو ترجیح دے ۔

صاحبزادہ خورشید احمد گیلانی مرحوم میرے پسندیدہ نثر نگاروں میں شمار ہوتے ہیں ۔وہ لکھتے ہیں ’’یہ ان دنوں کی بعد بات ہے جب ابھی حافظ آباد ضلع نہیں بنا تھا۔صرف تحصیل ہیڈ کوارٹر اور ضلع گوجرانوالہ میں شامل تھا۔گوجرانوالہ کے ایس پی نے حافظ آباد میں کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کو مقامی پولیس اور انتظامیہ کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرنے کو کہا ۔ایک مقامی چوہدری صاحب جو اب فوت ہوچکے ہیں ،ہر ایسی سرکاری محفل اور کھلی کچہری کی رونق ہوا کرتے تھے۔شہر کی خاصی نمایاں شخصیت اور بات چیت کے دھنی یہ چوہدری صاحب ضیاالحق دور کی صوبائی کونسل کے ممبر بھی تھے۔انہوں نے دعوت ملنے پر آغاز ہی میں فرمایاــ:’جناب والا ،یہاں کی انتظامیہ کے کیا کہنے اور آپ کی پولیس کی کیا بات ہے ۔

میں دعوے سے کہتا ہوں اگر یہی انتظامیہ کربلا میں ہوتی تو کبھی سانحہ کربلا رونما نہ ہوتا‘اس پر پورا مجمع کھلکھلا اُٹھا۔ قصیدہ گوئی اور مدح سرائی کے اس فن کو زمان و مکان کی اساطیر میں قید نہیں کیا جاسکتا ۔شاہی درباروں اور اقتدارکی راہداریوں میں اُگنے والی خوشامد و تملق کی یہ فصل خودرو جھاڑیوں کی طرح یوں پروان چڑھتی ہے کہ حاکم وقت روشنی ہی نہیں باہر کی تازہ ہوا سے بھی محروم ہوجاتا ہے ۔واقفان حال بتاتے ہیں کہ پہلے فوجی حکمران جنرل ایوب خان کو انکے درباری فرانسیسی رہنما ڈیگال سے تشبیہ دیا کرتے تھے اور وہ باقاعدہ آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر فیتے سے اپنا قد ماپتے تھے کہ ڈیگال کے مقابلے میں وہ کتنے دراز قد ہیں۔یحییٰ خان کا فلمی ہیروزسے موازنہ کرنے والوں کی کوئی کمی نہ تھی ۔روئیداد خان لکھتے ہیں کہ وہ اپنی بھوؤں کے بارے میں بہت حساس تھے ،انہیں یقین تھا کہ طاقت کا سرچشمہ ان کی بھنویں ہیں ۔پی ٹی وی میں ریکارڈنگ سے پہلے دوران میک اپ اگر کوئی ان کی بھنوؤں کو چھو لیتا تو وہ سیخ پا ہوجاتے ۔ذوالفقار علی بھٹو جنہیں قائد عوام کا لقب دیا گیا ،انہیں بتایا جاتا تھا کہ نپولین آپ کے سامنے کیا بیچتا ہے ۔

روئیداد خان نے اپنی کتاب ’’Pakistan a dream gone sour‘‘میں بھٹو کاموازنہ امریکی صدر رچرڈ نکسن اور لنڈن بی جانسن سے کیا ہے ۔لیکن اسی قائد عوام پر برا وقت آیا تو سایہ بھی ساتھ چھوڑ گیا۔جنرل ضیاالحق سے متعلق درباریوں کی لن ترانیاں کسے یاد نہیں ،کیسے مردمومن ،مرد حق ،ضیاالحق کے نعرے لگا کرتے تھے ۔مگررستم وسہراب اور سکندر کی طرح وہ بھی قصہ پارینہ ہوگئے تو بینظیر بھٹو کی قصیدہ خوانی شروع ہوگئی اور پھر میاں نوازشریف کے قصے ۔لاہور کی مال روڈ سے گزرتے ہوئے یو ں لگتا تھا جیسے نوازشریف عصر حاضر کے شیر شاہ سوری ہیں تو شہبازشریف نظام الملک طوسی۔مگر جب تخت و بخت نے منہ موڑا تو ماڈل ٹاؤن اور جاتی اُمرا کی ویرانی دیکھی نہیں جاتی تھی ۔پھر جنرل پرویز مشرف تشریف لائے تو ان کے محاسن او ر اوصاف حمیدہ بیان کرنے لگے ۔ایک بار خیر مقدمی بینر پر نظر پڑی تو لکھا تھا ’’غریبان وطن کا اب یہی منشور ہے ۔جو کہے پرویز مشرف وہ ہمیں منظور ہے ۔رہتی دنیا تک میرے مولا یہی ایکٹو رہے ۔زندگی بھر مسکراتا چیف ایگزیکٹو رہے ۔‘‘

بڑے بڑوں کے نقارے خاموش ہوگئے ۔عبرت کے ہزاروں نشاں موجود ہیں مگر کوئی سبق نہیں سیکھتا۔

 

Back to top button