کیا یہ علامہ اقبال کا پاکستان ہے؟

تحریر:حامد میر
بشکریہ: روزنامہ جنگ
علامہ اقبال نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا کہ جس شہر میں انہوں نے 1930ءمیں ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے ایک متحدہ مسلم ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا تھا اُس شہر کا مسلم نام ہی مٹا دیا جائے گا اور مسلمانوں کے تشخص کے بارے میں اقبال کے خدشات کو سچا ثابت کر دیا جائیگا۔ ہر سال 9 نومبر کو یوم اقبال پر منعقد ہونے والی تقریبات میں علامہ اقبال کے خطبہ الٰہ آباد کا ذکر ضرور آتا ہے کیونکہ اسی خطبے کی وجہ سے علامہ اقبال کومصورِ پاکستان قرار دیا گیا۔ 29دسمبر 1930ء کو آل انڈیا مسلم لیگ کا سالانہ اجلاس الٰہ آباد میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں علامہ اقبال نے اپنے صدارتی خطبے میں یہ کہا تھا کہ ہندو قیادت نے برطانوی سامراج کے ساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے اور یہ گٹھ جوڑ اسلام اور مسلمانوں کے وجود کیلئے خطرہ ہے لہٰذا اس خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمانوں کو ایک علیحدہ مسلم ریاست قائم کرنا ہوگی۔ 1947ء میں پاکستان کے نام سے یہ ریاست قائم ہو گئی لیکن ہندوؤں کی انتہا پسند قیادت آج بھی نہ صرف پاکستان کے وجود کو مٹانا چاہتی ہے بلکہ ہندوستان کے کروڑوں مسلمانوں کے دینی تشخص کو بھی ختم کرنا چاہتی ہے۔ اُتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ اپنی اسلام دشمنی اور مسجدیں گرانے کیلئے مشہور ہیں انہوں نے نہ صرف الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج رکھ دیا ہے بلکہ کچھ عرصہ قبل اُتر پردیش اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے علامہ اقبال کو ہندوستان کی تقسیم کا ذمہ دار قرار دیکر ان پر تنقید بھی کی۔ اُتر پردیش کے سرکاری سکولوں میں علامہ اقبال کی مشہور نظم ’بچے کی دعا‘ پڑھنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔بھارت کے سکولوں میں علامہ اقبال کی نظموں پر پابندی لگانے یا بھارتی یونیورسٹیوں کے نصاب سے اقبال کو خارج کرنے سے شاعرِ مشرق کے مقام و مرتبے کو کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ان اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ علامہ اقبال اس خطے کے مسلمانوں کے عظیم محسن تھے۔ انہوں نے ترانۂ ہندی چھوڑ کر ترانۂ ملی اسی لیے لکھا کیونکہ اُنہیں مسلمانوں کیلئے وہ خطرہ 1930ء میں نظر آ گیا تھا جو 2026ء میں نریندر مودی کی اسلام دشمن پالیسیوں کی صورت میں پوری دنیا کو نظر آ رہا ہے۔ ستم ظریفی دیکھئے کہ ایک طرف بھارت کے انتہا پسند ہندو علامہ اقبال سے صرف اسلئے نفرت کرتے ہیں کہ اُنہوں نے خطبہ الٰہ آباد میں ایک علیحدہ مسلم ریاست کا تصور پیش کیا، دوسری طرف کچھ پاکستانی دانشور شعوری یا غیر شعوری طور پر تصورِ پاکستان کیساتھ علامہ اقبال کے تعلق کو ختم کرنے کیلئے خطبہ الٰہ آباد کے بارے میں آج بھی کنفیوژن پھیلا رہے ہیں۔ قائداعظم یونیورسٹی کے ایک اُستاد نے کل شام مجھے لندن میں مقیم ایک بینکر یوسف نذر کا 29 اکتوبر 2026ء کو فرائیڈے ٹائمز میں شائع ہونیوالا مضمون بھجوایا اور اصرار کیا کہ اسکا جواب لکھنا بہت ضروری ہے کیونکہ ایک دفعہ پھر اقبال اور تصور پاکستان کا رشتہ توڑنے کی کوشش کی کی گئی ہے۔ میں نےاستاد محترم سے کہا کہ اس مضمون میں کوئی نئی بات نہیں ایڈروڈ تھامسن کیساتھ علامہ اقبال کی بحث کا قصہ دوبارہ لکھ دیا گیا ہے اس پرانی بحث پرکچھ دن پہلے میں اپنی گزارشات پیش کر چکا ہوں۔ انہوں نے اصرار کیا تو میں نے کہا اس مرتبہ آپ کوئی جواب کیوں نہیں لکھتے؟ فرمانے لگے ہم تو سرکاری ملازم ہیں خطبہ الٰہ آباد کی اصل روح کو اجاگر کیا تو نوکری خطرے میں پڑ جائیگی۔ میں نے پوچھا وہ کیسے؟ کہنے لگے آپ تو جانتے ہیں کہ خطبہ الٰہ آباد میں صرف برطانوی سامراج اور ہندو انتہا پسندی کے گٹھ جوڑ کو نہیں بلکہ عرب شہنشائیت کو بھی مسلم تشخص کیلئے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔ قبل ازیں پروفیسر فتح محمد ملک اس موضوع پر گفتگو کر کے ایک بڑی سرکاری یونیورسٹی کی ریکٹر شپ گنوا چکے ہیں اسلئے میں یہ خطرہ مول نہیں لوںگا۔وہ نکتہ دان جو یہ فرماتے ہیں کہ علامہ اقبال نے ایک علیحدہ ریاست کا نہیں بلکہ انڈین فیڈریشن کے اندر رہ کر ایک مسلم صوبے کا تصور پیش کیا تھا وہ چند اہم حقیقتوں کو نظر انداز کرتے ہیں۔ سب سے اہم حقیقت تو خطبہ الٰہ آباد کا مکمل متن ہے۔خطبہ الٰہ آباد کے مکمل متن پر غور کریں تو پتہ چلے گا کہ علامہ اقبال نے اپنے اس خطبے میں دراصل قائداعظم کے چودہ نکات کا دفاع کیا ہے۔ قائداعظم نے یہ چودہ نکات مارچ 1929ء میں پیش کیے۔ پہلا نکتہ یہ تھا کہ ہندوستان کا آئین وفاقی نوعیت کا ہوگا۔ دوسرے نکتے میں کہا گیا کہ تمام صوبوں کو یکساں طور پر اندرونی خودمختاری دی جائیگی۔ قائداعظم انڈین فیڈریشن کے اندر رہ کر مسلمانوں کے حقوق کی بات کر رہے تھے۔ اب ذرا خطبہ الٰہ آباد میں علامہ اقبال کے ان الفاظ پر غور کریں۔ ’’میری خواہش ہے کہ پنجاب، شمال مغربی سرحدی صوبہ، سندھ اور بلوچستان کو ملا کر ایک ریاست بنا دیا جائے۔ مجھے تو یہ نظر آتا ہے کہ کم از کم ہندوستان کے شمال مغرب میں ایک مربوط و منظم ہندوستانی مسلم ریاست، خواہ یہ ریاست سلطنتِ برطانیہ کے اندر خودمختاری حاصل کرے یا اس کے باہر، ہندوستان کے شمالی مغربی مسلمانوں کا آخرکار مقدر ہے۔‘‘ آگے چل کر علامہ اقبال نے کہا’’میں ہندوستان اور اسلام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک متحدہ مسلم ریاست کے قیام کا مطالبہ کر رہا ہوں۔ اس سے ہندوستان کے اندر توازن قائم ہو جائیگا اور اسلام کو یہ موقع ملے گا کہ وہ ان اثرات سے پاک ہو جائے جو عربی شہنشاہیت نے اس پر ڈال رکھے ہیں‘‘۔ انڈین فیڈریشن کے اندر مسلم صوبے کی اس تجویز پر برطانوی وزیراعظم رمزے میکڈونلڈ سخت ناراض ہوا۔ اسکی ناراضی ایک سے زائد اخبارات نے رپورٹ کی۔کانگرس نواز برطانوی دانشور ایڈورڈ تھامسن نے بھی علامہ اقبال کی تجویز پر سخت تنقید کی۔ علامہ اقبال نے تھامسن کو جو وضاحت دی وہ قائداعظم کے چودہ نکات کے تناظر میں تھی۔ اُنہوں نے 1934ء میں یہ وضاحت کی کہ خطبہ الٰہ آباد میں اُنکی تجویز اور چوہدری رحمت علی کی پاکستان اسکیم میں فرق تھا۔ علامہ اقبال نے خطبہ الٰہ آباد مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے پارٹی پالیسی کے اندر رہ کر دیا تھاذاتی طور پر وہ انڈین فیڈریشن کے اندر نہیں رہنا چاہتے تھے۔ وہ ایک سیاسی حکمت عملی کے تحت آہستہ آہستہ آزادی کی طرف بڑھ رہے تھے۔ حقیقت یہ تھی کہ چوہدری رحمت علی نے بھی علامہ اقبال کے مشورے سے 1933 میں پاکستان اسکیم پیش کی تھی۔1931ء میں چوہدری رحمت علی نے لندن میں علامہ اقبال سے ایک ملاقات میں پوچھا تھا کہ جو اسکیم آپ نے خطبہ الٰہ آباد پیش کی اسکے مطابق اگر کوئی حکومت وجود میں آئی تو اُس کا نام کیا ہوگا؟ اس پر علامہ اقبال نے کہا کہ شمال مغربی ہندوستان کے ہر صوبے کا پہلا لفظ لے لو اور بلوچستان کا ’تان‘ اس کیساتھ ملا دو تو یہ لفظ پاکستان بن جاتا ہے۔ یہ بڑا بامعنی اور عمدہ لفظ ہے۔ ڈاکٹر ارشاد شاکر اعوان نے اپنی کتاب ’’اقبال کا تصورِ ملت اور آزادیٔ ہند‘‘ میں یہ واقعہ عبدالوحید خان کے حوالے سے لکھا ہے جن کو چوہدری رحمت علی کیساتھ اس گفتگو کی تفصیل خود علامہ اقبال نے 1935 میں بھوپال میں سنائی۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے سابق سربراہ مولانا سید ابوالحسن علی ندوی (علی میاں) نے اپنی کتاب ’’نقوشِ اقبال‘‘ میں لکھا ہے کہ وہ 22 نومبر 1937ء کو علامہ اقبال کو لاہور میں ملے تو اقبال نے کہا تھا کہ پاکستان ہی مسلم مسائل کا واحد حل ہے۔لفظ پاکستان مسلم لیگ کے اجلاس منعقدہ 23مارچ 1940ء میں منظور ہونے والی قرارداد میں موجود نہ تھا لیکن علامہ اقبال کی زبان پر لفظ پاکستان بار بار آتا رہاجسکے بے شمار تاریخی شواہد کو مٹانا آسان نہیں۔ آج بھارت میں بی جے پی نے مسجدیں گرا کر اور الٰہ آباد کا نام بدل کر علامہ اقبال کو تو سچا ثابت کر دیا لیکن پاکستان میں بھی اقبال کو احترام دینےکیلئے صرف 9نومبر کو چھٹی منانا کافی نہیں بلکہ پاکستانی ریاست کو خطبۂ الٰہ آباد کی روشنی میں ملوکیت، شہنشائیت ، سامراج نوازی اور انتہا پسندی سے دور لیجانا بھی ضروری ہے۔
