اڑن کھٹولا اور آسمان

تحریر:سہیل وڑائچ
بشکریہ: روزنامہ جنگ
یہ زمانہ قدیم کی دیومالائی کہانی ہے یہ سراسر فرضی ہے باقی آپ کی مرضی ہے۔ کرشماتی شہزادی نے بہت خوبصورت اور آرام دہ اڑن کھٹولے پر اڑنا شروع کیا تو رشک و حسد کا طوفان اُٹھ کھڑا ہوا ،اڑن کھٹولا وقت کی ضرورت تھا اسی لیے ہرکس و ناکس اڑن کھٹولا اڑائے پھرتا تھا، شہزادی کو ضرورت بھی تھی اور اس کا معیار بھی ہمیشہ سے ہی دوسروں سے بلند رہا تھا۔ حسد اور نفرت کرنیوالوں نے بہت جھوٹی کہانیاں بنائیں کبھی کسی اڑان پر انگلی اٹھائی اور کبھی کسی پرواز میں ہمراہیوں کے بارے میں گمراہ کن افواہیں اڑائیں۔ مگر آ سمان والوں نے اڑن کھٹولے پر کوئی اعتراض نہ کیا بلکہ وُہ رشک کرنیوالوں میں شامل تھے ۔اڑن کھٹولے کی پرواز اور پہنچ سات سمندر پار تھی۔ آسمان ساتھ ہو تو شہزادے اور شہزادیاں زمین پر اکڑ کر چلتے ہیں ۔دیومالائی کہانیوں میں دیوتاؤں کا اشارہ ہوتا تھا تو ٹرائے کی جنگ میں اکیلیس اکیلا ہی کشتوں کے پشتے لگا دیتا تھا، بادشاہ کا ساتھ ہو تو غالب جیسا مصاحب بھی اِترا سکتا ہے، ایسا ہی ہوا اڑن کھٹولا باعث نزاع بنا تو کہا گیا ’’لیا ہے بھئی لیا ہے‘‘ گویا آسمانی اشارہ ہے تو کسی اور کو اعتراض کی جرأت ہی کیا ہے۔ مگر اڑن کھٹولےکی شہرت اور مخالفت کم نہ ہوئی ۔آسمان میں بادل اڑتے رہیں تو آسمان کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا بجلی کڑکنے لگ جائے تو آسمان بھی رنگ بدل لیتا ہے۔ بدلنا بھی چاہئے کہ آسمان کو اِدھر اُدھر سب کی خبر رکھنا ہوتی ہے اور سب کو مطمئن بھی کرنا ہوتا ہے۔

’’اڑن کھٹولا اور آسمان‘‘ میں کوئی سیاسی رمز پوشیدہ نہیں مگر کیا کِیاجائے جوناتھن سوئفٹ نے گلیورز ٹریول لکھی تو بونوں کے دربار کو برطانیہ کے شاہی دربار کی خوشامدوں سے محمول کیا گیا، الیگزنڈر پوپ نے رزمیہ نظم The Rape of the Lock لکھی جو خاتون کے بالوں کی لَٹ کے بارے میں تھی مگر نقادوں نے اسے زمانے کی خواتین کی بےمحابا آزادی ،بے تحاشا فیشن اور اخلاقی حدود سے تجاوز پر طنز قرار دیا۔غرضیکہ ’’ہر ایک کی اپنی ڈفلی، اپنا راگ‘‘۔ وارث شاہ نے ہیررانجھا منظوم کی تو صوفیوں نے اسے روح اور جسم کی کہانی قرار دیا انقلابیوں نے اسے مُلّا اور قاضی کیخلاف بغاوت سے تعبیر کیا اور عامیوں نے اسے ہیر اور رانجھا کی رومانوی کہانی سمجھا۔ اڑن کھٹولا اور آسمان بھی سادہ سی پرانی کہانی ہے اسے جو مرضی معنی پہنا لئے جائیں ،رہے گی تو یہ ایک فرضی داستان ہی۔

اس صدیوں پرانی کہانی میں اہم موڑ تب آیا جب بادلوں نے افواہوں، ہواؤں اور گناہوں کی لُٹ مچا دی ،آسمان میں بجلیاں کو ندیں اڑن کھٹولا ڈگمگانے لگا ،ہوائیں اپنے تھپیڑوں سے اس کی پرواز ناہموار کر رہی تھیں، ہواؤں کے ساتھ بجلی بھی کوندی تو اڑن کھٹولا خطرے کی گھنٹی سمجھ گیا انتباہی گولے عقل مندوں کے اشارے کیلئے کافی ہوتے ہیں۔ آسمان نے جہاں اسے اپنے موافق راستے پر رام کر لیا وہاں سازشوں اور افواہوں کے توڑ کیلئے اڑن کھٹولے کو چلانے والے غیر ملکی ہوا بازوں کی جگہ آسمانی ہوا بازوں کو اڑن کھٹولے کی ذمہ داری دے دی گئی۔ اب اڑن کھٹولہ اپنی مرضی کی خطرناک قلابازیاں نہیں لگا سکتا کہ آسمان کی نگرانی میں اس کی اڑان محفوظ رہتی ہے۔

اڑن کھٹولے کی نقل و حرکت بھی پہلے مخالفوں کو پتہ چل جاتی تھی اڑن کھٹولے کی تام جھام ہی ایسی تھی پھر اس کو اس کی شکل ،نمبر اور کوڈ سے پہچاننا بھی افواہ ساز ٹیکنالوجسٹ کیلئے آسان تھا ٹیکنالوجی کی مدد سے آمدہ اطلاع کو سازشوں اور جھوٹی کہانیوں سے لبریز کر کے گمراہی پھیلانا بھی آسان تھا اب آسمان کی نگرانی میں آنے کے بعد اسکی شناخت بھی آسمانی ہو چکی اور سازشی ٹیکنالوجسٹ اور افواہی پراپیگنڈسٹ کیلئے اس سے ناجائز فائدہ اٹھانا مشکل ہو جائیگا کیونکہ اب اڑن کھٹولے کی دُم پرشناخت ہی بدل چکی ہے۔ پرانی داستان کے مطابق اڑن کھٹولا اسی شان سے کرشمہ ساز ملکہ ہی اڑاتی رہیں مگر اب آسمانوں کے تحفظ اور نگرانی نے اڑن کھٹولے کو آسمانوں کی پناہ میں دیدیا ہے۔ داستان گو کہتا ہے کہ کرشماتی ملکہ آسمانی نگرانی سے نہ صرف خوش ہوئی بلکہ شکرانے کے نفل پڑھ کر کئی دن تک رعایا کو لنگر کھلایا مگر تشکیک پسند مورخ شک اور سازش سے باز نہیں آتے وہ کہتے ہیں کہ اس واقعے کے بعد ملکہ کے اڑن کھٹولے کی پرواز گہنا گئی اور پر کٹ سے گئے ۔ واللہ اعلم بالصواب۔

تاریخ میں ہر طرح کی کہانیاں ہیں کچھ کہانیاں بہت گہری ہوتی ہیں ان میں کئی معانی پوشیدہ ہوتے ہیں جن کے اسرار وقت کے ساتھ کھلتے رہتے ہیں کچھ کہانیاں بالکل سطحی ہوتی ہیں اوپر دی گئی کہانی بھی بالکل سطحی ہے جس کا نہ کوئی مطلب ہے نہ اس سے کوئی نتیجہ نکلتا ہے۔ یہ استاد امام دین گجراتی کی شاعری کی طرح ہے اس لئے اس کہانی کو اسی طرح سے پڑھا اور دیکھا جائے۔ یہ بے بدل ڈرامہ نگار شیکسپیئرکی Sub Text Irony تھوڑا ہے کہ جب وہ کہے All that glitters is not gold تو اسکے گہرے مفہوم پر غور کیا جائے،نہ ہی یہ جارج آرویل کا Animal Farmہے کہ جس میں کہا گیا تھا ’’سب جانور برابر ہیں مگر کچھ جانور دوسروں سے زیادہ برابر ہیں‘‘ تو اس کےمعانی میں کمیونسٹ اور فسطائی نظام پر تنقید مضمر سمجھی جائے قائداعظم کی اہلیہ رتی جناح کے پسندیدہ مصنف آسکرو ائلڈ نے کہا تھا ’’سچ شاذ ہی خا لص ہوتا ہے اور یہ کبھی سادہ نہیں ہوتا‘‘ نہ یہ مولانا روم کی مثنوی معنوی ہے جو ظاہر میں جانوروں اور بادشاہوں کے قصوں سے بھری ہوئی ہے مگر مقصد باطن، نفس، معرفت اور انسانی فطرت کے راز آشکار کرتا ہے۔ علامہ اقبال نے بانگِ درا میں مکڑے اور مکھی کی کہانی کو تمثیلی انداز میں بیان کیا ہے ظاہر میں دو حشرات کا مکالمہ ہے مگر اصل میں فریب اور حیلے سے طاقتور کے جال میں کمزور کے پھنسنے کی تمثیل ہے۔

اقبال تو ایک ہی تھا اور ایک ہی ہےاگر کالمی بال کے قلم میں اقبالی شان ہوتی تو وہ بھی اڑن کھٹولے اور آسمان کو’’ ایک مکڑا اور مکھی‘‘ کی طرح منظوم کرتا مگر بال کے قلم میں نہ سیاہی ہے اورنہ وُہ مقام و مرتبہ، اسی لئے تو یہ بال بغیر مطلب کے مقصد اور معنی کے فرضی جھوٹی اور’’ من گھڑت’’ کہانیاں لکھتا ہے۔

انگریزی شاعر الیگزینڈر پوپ نے، جو آخری دنوں میں نابینا ہو گیا تھا، لکھا تھا کہ آج کل کی خواتین کو چھوٹے کتے گود میں اٹھانے ، بالوں کی لٹ ماتھے پر لٹکائے رکھنے ،لندن میں فرانس کا پانی پینے اور نت نئے فیشنوں کا شوق ہے۔ تضادستان میں الیگزینڈر پوپ نہ سہی الیگزینڈر ڈوپ (یعنی بے وقوف) ہی ہوتا تو کم از کم یہ تو کہہ سکتا کہ یہاں آج کل اڑن کھٹولوں کا شوق ہے۔ دیہی اشرافیہ اڑن کھٹولے کا شوق قیمتی گھوڑے سے پورا کرتی ہے اور شہری اشرافیہ مہنگی گاڑیوں سے یہ مزا لیتی ہے مگر بالائی طبقہ اڑن کھٹولوں کا دلدادہ لگتا ہے نجی طور پر یہ طبقہ انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے جنکے اپنے اڑن کھٹولے ہیں مگر سرکاری طور پر ہر حاکم و افسر کی خواہش ہے کہ وہ زمان و مکان کی زنجیریں توڑنے کیلئے اڑن کھٹولے کو استعمال میں لائے مگر یہ شوق بہت مہنگا ہے اتنا مہنگا کہ ملک بھر میں دس بارہ امراء ہی اسے پال سکتے ہیں۔

کہانی ’’اڑن کھٹولا اور آسمان‘‘ سے باآسانی یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ اڑن کھٹولوں کے مقابلے میں کون آگے جاتا ہے اور کون پیچھے؟ اور کس اڑن کھٹولے کو آسمان چھونے میں کتنی آزادی ہے اور کتنی پابندی؟ کس اڑن کھٹولے کے پر سلامت ہیں اور کس کے کٹ گئے ؟

 

Back to top button