فیاض الحسن چوہان کا بھی پی ٹی آئی سے قطع تعلقی کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان  نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے رویے کو بنیاد بناتے ہوئے تحریک انصاف کو الوداع کہہ  دیا۔

اسلام آباد میں منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے اعلان کیا کہ ان کا اب پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’14 مئی کو ایک زوم میٹنگ میں عمران خان نے پہلی ہدایات یہ دیں کہ کسی نے دفاعی موڈ میں نہیں جانا اور نو مئی کی مذمت نہیں کرنی، ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات پر دکھی ہونے والوں میں ایک میں بھی تھا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ایسا کوئی بندہ نہیں تھا جس نے عمران خان کو کبھی سمجھایا ہو کہ سیاست عدم تشدد کے ساتھ کرنی چاہئے، ریاست یا اداروں سے ٹکرانا سیاست دانوں کا کام نہیں۔

انھوں نے کہا کہ لیڈر شپ میں سے کسی نے اگر ایسا کیا تو وہ صرف فیاض الحسن چوہان تھا جس کی پاداش میں پچھلے ایک سال سے میں کھڈے لائن تھا، پچھلے سال مئی کے آخر میں عمران خان کو ایک میسج کیا تھا۔ ان سے کہا تھا کہ تشدد، ریاست اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی چھوڑ دیں اور پی ڈی ایم کے خلاف جدوجہد کریں۔

Back to top button