وفاقی وزیرداخلہ نے موبائل سمز ڈیٹا لیک ہونے پر نوٹس لے لیا

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موبائل سمز کا حساس ڈیٹا انٹرنیٹ پر فروخت ہونے سے متعلق خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیرداخلہ کی ہدایت پر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ڈیٹا لیک کے معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو 14 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحقیقات میں ڈیٹا لیک میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ پر حکومتی شخصیات، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کی سمز کا ڈیٹا، شناختی کارڈ کی تصاویر، کال ریکارڈ اور لوکیشن سمیت اہم معلومات سستے داموں دستیاب ہیں۔
ذرائع کے مطابق لیک شدہ ڈیٹا میں وزیرداخلہ محسن نقوی اور چیئرمین پی ٹی اے سمیت دیگر اہم شخصیات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
