فیلڈ مارشل کا دورہ امریکا ، اعلیٰ سیاسی قیادت اور پاکستانی کمیونٹی سے اہم ملاقاتیں

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ سرکاری دورۂ امریکا کے دوران اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے امریکی دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی اور دیگر اہم مقامات پر ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کے امور زیرِ بحث آئے۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔
ٹیمپا میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل مائیکل کریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمانڈ تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل بریڈ کوپر نے کمان سنبھالی۔ فیلڈ مارشل نے جنرل کریلا کی خدمات کو سراہا اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے ایڈمرل بریڈ کوپر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جنرل کین کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں انہیں پاکستان کے روشن مستقبل میں مثبت کردار ادا کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ترغیب دی۔ کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
