خیبرپختونخواحکومت کاپرتگال سکینڈل کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کاکہناہے کہ 1ہزار ارب سےزائدکےپرتگال سکینڈل کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔
بیرسٹرسیف نےکہا کہ پنجاب کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ پہلے لندن اور اب پرتگال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اہم شخصیات نے جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پرتگال اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے نتیجے میں پنجاب کے 10 کھرب روپے وہیں سے واپس لائے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق جعلی حکومت نے محض ڈھائی سال میں 78 سالہ کرپشن کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، لیکن عوام کی حالتِ زار پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے اپنے فرنٹ مین کو بچانے کے لیے استعفے کی افواہ پھیلائی، جبکہ عوام کے ٹیکس کے پیسے بیرون ملک منتقل کر کے محلات تعمیر کیے گئے، مگر کرپٹ عناصر کی حرص ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔
بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے کرپشن سے حاصل رقوم قومی خزانے میں جمع کروائیں، لیکن شریف خاندان کی حکومت خزانے کو لوٹ کر کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ ان کے بقول عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ جعلی حکمران عیاشیوں میں مگن ہیں۔
