فیلڈمارشل کی اردن کے شاہ عبداللہ سےملاقات،دفاعی تعاون بڑھانےپرتبادلہ خیال

اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے فیلڈمارشل سیدعاصم منیر سے ملاقات میں پاکستان سے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی جس میں  ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ بھی موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  آرمی چیف نے پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ نے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا اور  دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے اردنی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے بھی ملاقات کی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جنرل ہیڈکوارٹرز عمان آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

فریقین نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی نےعلاقائی امن و سلامتی کیلئےپاکستان کی مسلح افواج کےکردار پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

Back to top button