کسی بھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،سلمان علی آغا

پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نےٹیم کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی 20 کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ باقی 2 میچز 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں نئے اور واپس آنے والے کھلاڑیوں کا دلچسپ امتزاج ہے۔یہ ایک متوازن اور کامل اسکواڈ ہے اور میں اس ٹیم کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہوں اور امید ہے کہ شاندار سیریز ہوگی۔
سلمان علی آغا نے یاد دلایا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صفر کے مقابلے میں 3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
کپتان نے کہا کہ ہم نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کرکٹ کھیلی اور میں پرامید ہوں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی مثبت نتائج آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اپنے منصوبوں پر تسلسل سے عمل کرنا ہے اور ہماری ٹیم میں وہ قابلیت ہے جو کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔
سلمان آغا نے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے چند اہم کھلاڑی زخمی ہیں مگر مہمان ٹیم اب بھی ایک خطرناک حریف ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ڈیوڈ ملر اور جیرالڈ کوٹزی انجری کا شکار ہیں مگر کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے متبادل کھلاڑی بھی بہت اچھے ہیں۔
کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک شاندار ٹیم ہے لہٰذا ہمیں بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی تاکہ انہیں شکست دے سکیں اور ہم یہی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
