وفاقی کابینہ اجلاس: فنانس بل 2025-26 منظور

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے فنانس بل کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فنانس بل سے متعلق کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے نہ صرف بل کی منظوری دی بلکہ اس میں مجوزہ ترامیم کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بجٹ میں شامل بعض سیاسی طور پر غیر مقبول شقوں پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ قومی اسمبلی میں منظوری سے قبل ان شقوں پر نظرثانی کی جائے۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین نوید قمر نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، تاکہ فنانس بل 2025 کی اہم شقوں پر اتفاق رائے حاصل کیا جا سکے۔

علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں قومی سلامتی، علاقائی کشیدگی میں کمی اور توانائی پالیسی سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ اجلاس میں شرکاء کو حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور انہیں اعتماد میں لیا گیا، جس کے بعد کابینہ کے اراکین پارلیمنٹ کی کارروائی میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے۔

Back to top button