مالی بحران کاشکارپی ٹی آئی نے ارکان سے فنڈز مانگ لئے

تحریک انصاف مالی بحران کا شکار ہو گئی جس سے نکلنے کیلئے فوری طورپرارکان اسمبلی سے فنڈزمانگ لئے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے ارکان اسمبلی کو فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔پارٹی نے اس سلسے میں ایک مراسلہ بھی جاری کردیا جس میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے فنڈ دینے کا کہا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کی طرف سے مراسلے بھجوائے گئے۔
پی ٹی آئی قیادت کے خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس وقت تاریخ کے مشکل مالیاتی بحران سے گذر رہی ہے، ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز 2 قسطوں میں فنڈز جمع کرائیں۔
تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اجازت کے بعد فنڈز طلب کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے کیس لڑنے والے وکلا کی فیسوں کامعاملہ بھی زیر بحث آیاتھا جس پر پی ٹی آئی کےرہنما شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کے کیسز میں وکلا کو دی گئی فیسوں کا آڈٹ کروانےکا مطالبہ کیاتھا
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ چند وکلا نے پیسے لیے، دی گئی فیسوں کا آڈٹ ضرور ہونا چاہیے، ٹکٹ کا مجھے علم نہیں شاید پنجاب کی طرف ایسا ہوگا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ تین چار وکلا نے فیس لی ہے، وکلاء کو زیادہ فیس دی گئی،کیسز ایسی نوعیت کے نہیں تھےکہ اتنی فیسیں دی جاتیں،کیسز بے بنیاد تھے اس میں اتنی صلاحیتیں بھی درکار نہ تھیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کام تھا نہیں کہ چوٹی کے وکیل لاتے اور منہ مانگی قیمت دی جاتی، میں نے 74 کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی نمائندگی کی لیکن کوئی پیسے نہیں لیے۔