پہلا ٹی20،جنوبی افریقہ نے پاکستانی انڈر19ویمنزٹیم کوشکست دیدی

جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 ٹیم نے پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 نے ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
مہمان ٹیم کی بیٹرز نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی، جبکہ پاکستانی بولرز بھرپور کوشش کے باوجود میچ اپنے نام نہ کر سکیں۔
اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ 17 جولائی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک جنوبی افریقہ ویمن انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی تھی۔
پاکستان ٹیم کی کپتان فضا فیاض نے کہا تھا کہ ینگ کھلاڑیوں کیلئے یہ سیریز بہت اہم ہے، سیریز میں اچھے نتائج کیلئے پرعزم ہیں۔
جنوبی افریقی کپتان میکا فین فارسٹ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملے تو بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو ملنا پسند کریں گی، پاکستان آ کر سیریز کھیلنے کی کافی خوشی ہے۔
