سکھر بیراج میں سیلاب، خانپور ڈیم میں گنجائش ختم، مزید 28 اموات

بلوچستان میں سیلابی صورتحال ابھی بھی برقرار ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کا علاقہ بھی سیلاب کے خطرے سے دوچار ہے، سکھر بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ خانپور ڈیم میں پانی کی گنجائش ختم ہو چکی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج نے بتایا کہ تونسہ بیراج سے آنے والا 6 لاکھ کیوسک کا ریلا سکھر بیراج میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد 24 گھنٹوں میں سکھر بیراج میں 29 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہو گیا ہے۔
انچارج کنٹرول روم کے مطابق سکھر بیراج سے 5 لاکھ 59 ہزار 998 کیوسک کا ریلا کوٹری بیراج کی جانب جا رہاہے، پانی کی آمد 5 لاکھ 59 ہزار 998 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، انچارج کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ سکھر اور کوٹری بیراج میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر سکھربیراج سے نکلنے والی تمام کینالیں بند رہیں گی۔
جنوبی پنجاب کا تیسری مرتبہ سیلاب میں ڈوبنے کا خدشہ کیوں؟
دوسری جانب محکمہ انہار کے مطابق منچھرجھیل میں پانی کا دباؤ بدستور جاری ہے۔ ڈی سی جامشورو کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح مزید بلند ہونےپرقریبی آبادی خالی کرائی جاسکتی ہے، جبکہ خانپور ڈیم میں بھی پانی کی گنجائش ختم ہو چکی ہے جس سے مزید علاقوں کے سیلاب میں زد میں آنے کا خدشہ ہے، خانپور ڈیم کے سپل ویز آج کھول دیئے جائیں گے۔
بلوچستان، کے پی کے سمیت سیلاب کی زد میں آنے والے دیگر علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔
