سیلاب : حکومت کی توجہ بیرونی امداد کے بجائے خود انحصاری پر ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیلاب سے 500 ارب روپے کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے، سیلاب کی وجہ سے زراعت اور معیشت پیچھے چلی گئی، حکومت اس بار بیرونی امداد یا قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دے رہی ہے۔
سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب کو 500 ارب روپے کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایاگیا ہے، سیلاب کے نتیجے میں پنجاب کی لاکھوں ایکڑ اراضی تباہ ہوگئی جب کہ 4.3 فیصد زرعی رقبہ اور 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حالیہ سیلاب ہمیں ایک بار پھر زراعت اور معیشت میں پیچھے دھکیل گیا ہے تاہم حکومت اس بار بیرونی امداد یا قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دےگی،کشکول کو خدا حافظ کہیں گے۔
احسن اقبال نےکہا کہ2025 کے سیلاب نے ہمیں ایک بار پھر یہ دکھایا ہےکہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ ایک موجودہ حقیقت ہے،آج کی تقسیم صرف ریلیف سامان کی فراہمی نہیں ہے،یہ یکجہتی اور امید کا پیغام ہے۔
