گووندا نے کس خوف سے ایک برس اپنی شادی چھپائی؟

بھارتی سپر اسٹار گووندا نے اپنی شادی کی کہانی بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پہلے ایک برس تک اپنی شادی کو اس لیے خفیہ رکھا کہ کہیں ان کے کیریئر پر برا اثر نہ پڑے کیونکہ اس زمانے میں شادی شدہ ہیرو کا ڈاؤن فال شروع ہو جاتا تھا۔ انہوں نے ماضی کی مقبول بھارتی اداکارہ سیمی گریوال کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت تھا جب یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر کسی فلمی اداکار نے شادی کر لی تو اسکا زوال شروع یو جائے گا اور اسکی مقبولیت میں کمی آ جائے گی اسی لیے یا تو وہ اپنے کہریئر کے عروج پر شادی نہیں کرتے تھے یا اسے خفیہ رکھتے تھے۔ اپنے زمانے کے مشہور بالی وڈ اداکار گووندا نے بھی اپنی ’فین فالوئنگ‘ کم ہو جانے کے ڈر سے ایک سال تک اپنی شادی خفیہ رکھی حالانکہ انہوں نے لب میرج کی تھی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا 36 سال سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور ان دونوں کو انڈسٹری کا ’ہیپی کپل‘ سمجھا جاتا ہے۔گووندا نے اداکاری کا آغاز ہی کیا تھا جب وہ سنیتا کی محبت میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد ان کی والدہ نے بھی اس شادی کے لیے رضامندی ظاہر کر دی۔ گووندا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں اس ڈر کی وجہ سے اپنی شادی کو ایک سال تک خفیہ رکھنا پڑا کہ کہیں ان کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہ ہو جائے۔گووندا اور سنیتا نے اپنی محبت کی کہانی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی ٹینا کی پیدائش تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ’لوگوں نے مجھے ڈرا دیا تھا کہ لڑکیاں مجھے محبت بھرے خطوط لکھتی ہیں اور مجھ سے اتنی محبت کرتی ہیں چنانچہ شادی کے بعد میں اپنا یہ امیج اور فین فالوئنگ کھو دوں گا۔
انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کو ریٹائرمنٹ پر کیا سرپرائز دیا؟
شو کی میزبان سیمی گریوال نے جب پوچھا کہ کیا اس سے انہیں واقعی کوئی فرق پڑا تو گووندا نے جواب دیا کہ ’میرا نہیں خیال، یہ میری غلط فہمی تھی۔‘ گووندا نے بتایا کہ اس ایک سال کے عرصے میں وہ دونوں بہت ہی کم اکٹھے باہر نکلے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر کوئی آپ سے شادی کے بارے میں سوال کرتا تو آپ کا کیا ردعمل ہوتا تھا تو انہوں نے بتایا کہ ’میں بھاگ جاتا تھا، میں باہر نکل جاتا تھا، میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ اس شخص کو کسی نے بھیجا ہے پوچھ گچھ کے لیے اور یہ میرے کیریئر کو خراب کرے گا۔
گووندا نے کہا کہ ’اس وقت میرا کیریئر میری گڑیا جیسا ہو گیا تھا۔ مجھے ڈر تھا کہ کوئی میری گڑیا چھین لے گا۔‘ تاہم گووندا نے تسلیم کیا کہ انکا یہ رویہ غلط تھا۔
