انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کو ریٹائرمنٹ پر کیا سرپرائز دیا؟

جیون ساتھی کی ایک دوسرے سے محبت اور اعتماد کا اظہار ہی کامیاب ازدواجی زندگی کی سب سے بڑی کنجی قرار دیا جاتا ہے، اب اس کا ثبوت بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے بھی دیا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے شوہر ویرات کوہلی کی جانب سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے پر اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ میرے شوہر کی جدوجہد اور کامیابیاں میرے اور میری بیٹی کے لیے مثال ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ہفتے کو بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے کر دنیا بھر میں اپنے پرستاروں اور شائقین کرکٹ کو حیران کردیا، ان کے پرستار شاید ان کے اس فیصلے سے پریشان ہوں مگر کرکٹر کی بیوی اداکارہ انوشکا شرما کو ان کے اب تک کے کامیاب سفر پر بہت فخر ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے شوہر کے لیے ایک پیار بھرا پیغام تحریر کیا، انوشکا شرما نے لکھا کہ مجھے اب تک وہ دن یاد ہے جب آپ نے بتایا کہ مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا اور آپ کو کپتان بنا دیا گیا ہے۔ اداکارہ نے لکھا کہ مجھے یاد ہے اس دن دھونی، آپ اور میں ہنسی مذاق کر رہے تھے اور مذاقاً کہا تھا کہ اب دیکھنا کتنی تیزی سے تمہاری داڑھی کے بال سفید ہونا شروع ہوں گے، ہم اس بات پر بہت ہنسے تھے، اس دن سے میں تمہاری داڑھی سفید ہونے سے زیادہ اور بہت کچھ دیکھ چکی ہوں، میں آپ میں اور آپکے اردگرد ترقی اور بے پناہ ترقی دیکھ چکی ہوں۔
انوشکا شرما نے کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم کو حاصل ہونے والی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 2014 میں ہم بہت کم عمر اور کم علم تھے، ہم سوچتے تھے کہ صرف اچھے ارادے، مثبت سوچ اور مقصد آپ کو زندگی میں آگے لے جا سکتے ہیں، یہ سب چیزیں یقیناً بہت اہم ہیں لیکن بغیر چیلنج کے یہ سب چیزیں کافی نہیں، ان میں سے آپ نے جن بیشتر چیلنجز کا سامنا کیا وہ ہمیشہ کھیل کے میدان میں نہیں تھے، لیکن شاید یہی زندگی ہے؟ زندگی آپ کو وہاں آزماتی ہے جہاں آپ امتحان کی کم سے کم توقع رکھتے ہیں۔
ہیرو کی بجائے ولن بننے کے باوجود احسن خان نمبر ون
انوشکا نے اپنے کرکٹر شوہر کو ایک صاف گو شخص قرار دیا اور کہا کہ انہیں ان کی اور ان کی بیٹی کی ہمیشہ حمایت حاصل رہے گی، انوشکا نے کہا کہ انکے شوہر نے کبھی کسی چیز کا لالچ نہیں کیا اور میں جانتی ہوں کہ اسی وجہ سے انہوں نے کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دی ہے۔
انوشکا شرما نے اپنے جذباتی پیغام کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب کوئی شخص کسی چیز کو بہت مضبوطی سے تھامتا ہے تو وہ اپنے آپ کو ایک حد تک محدود کرتا ہے اور مائی لو، تم غیر محدود ہو، انوشکا نے کہا کہ ہماری بیٹی ان سات برسوں کے دوران سیکھی گئیں باتوں کو اپنے باپ میں دیکھے گی۔
یاد رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ انوشکا شرما نے کھلے عام اپنے شوہر کی حمایت کا اعلان کیا ہو، گزشتہ برس نومبر میں بھی اداکارہ نے اپنے شوہر کی ہمت کی تعریف کی تھی جب کوہلی اپنی ٹیم کے ایک مسلمان کھلاڑی کی حمایت میں کھڑے ہوئے تھے جس کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ 2014 میں بھارتی ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے ویرات کوہلی نے ریکارڈ 68 ٹیسٹ میچوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی جن میں سے 40 میچوں میں فتح اور 17 میں شکست کا سامنا کیا، نئے کپتان کے نام کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم اس سلسلے میں اوپنر لوکیش راہل اور روہت شرما کو عہدے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی ہے۔
