حریم شاہ مشکل میں، تمام بینک اکاونٹس فریز ہو گئے

ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ٹک ٹاکر حریم شاہ کے تمام بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور تمام بینکوں کو انکے اکاونٹس فریز کرنے کی ہدایت مل گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حریم شاہ کا ایک بینک اکاونٹ لاہور جبکہ دوسرا بینک اکاونٹ کراچی میں موجود ہے، ایف آئی اے نے متعلقہ بینکس سے رابطہ کر کے دونوں بینک اکاونٹس منجمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے برطانوی حکام کو خط بھی لکھ دیا تھا۔ اب حریم شاہ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے لکھے گئے خط میں حریم شاہ کی سفری دستاویزات اور شناختی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ حریم شاہ کی برطانوہ پاونڈز کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو اور منی لانڈرنگ کا اعترافی بیان اسکے خلاف واضح ثبوت ہے۔ اس ویڈیو میں حریم شاہ کی جانب سے دھوکا دہی کے ذریعے رقم اسمگل کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔حریم شاہ کراچی سے دوحا اور وہاں سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچی تھیں۔
لیکن جب ایف آئی اے نے حریم شاہ کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تو اس نے ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے پہلی ویڈیو کو مذاق قرار دیدیا۔ حریم شاہ کی تردیدی ویڈیو لندن میں اسکائی مارکیٹنگ کے دفتر میں ریکارڈ کی گئی جس میں دانیال ملک نامی شخص نے اس رقم کو قانونی قرار دیا۔ایف آئی اے کے خط میں ان دونوں ویڈیوز کے تناظر میں حریم اور دانیال کے خلاف انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ منی لانڈرنگ تحقیقات کی خبریں میڈیا پر چلنے کے فوری بعد حریم نے اس حوالے سے ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے ڈیلیٹ کردی تھیں۔
ویڈیو مذاق میں بنائی، غلطی تسلیم کرتی ہوں
حریم شاہ نے برطانیہ میں ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری ایک ویڈیو سے یہ سب ہوجائے گا۔ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ انسان ہر غلطی سے کچھ نہ کچھ سیکھتا ہے اور میں اپنی غلطی تسلیم بھی کررہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں برطانیہ میں دانیال نامی بزنس مین کے آفس گئی تھی، وہاں اتنی زیادہ رقم دیکھ کر میں نے ان سے ویڈیو بنانے کی اجازت لی اور مذاق میں یہ ویڈیو بناکر شیئر کردی۔
حریم شاہ نے کہا کہ وہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور میرے خلاف استعمال کی گئی جبکہ مجھے اس وقت تک منی لانڈرنگ کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں تھا کیونکہ میں نے ساری زندگی حلال کمایا ہے اور جس بھائی کی یہ رقم تھی وہ لیگل بزنس ہی کرتے ہیں۔اس نے کہا کہ مجھے دانیال بھائی نے بتایا کہ پاکستان سے صرف مخصوص رقم ہی بیرون ملک لیکر جاسکتے ہیں تو مجھے جب یہ معلوم ہوا تو میں نے مذاق میں ویڈیو بنائی کہ میں تو اتنی بھاری رقم برطانیہ لے آئی ہوں۔
ٹک ٹاکر حریم شاہ نے برطانیہ میں موجود پاکستانی صحافی مرتضیٰ شاہ کو بتایا کہ وہ تفتیش کیلئے ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرینگی اور یہ کہ انہیں تفتیش سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، وہ کہتی ہیں کہ میں نے کوئی غلط کام ہی نہیں کیا تو ہر ڈرنا کیسا۔ حریم شاہ کے مطابق انہوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ مذاق میں ویڈیو بنائی تھی، اور حقیقت میں نہ تو انہوں نے منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی کبھی ایسا کوئی غیر قانونی کام کیا، یہ تاثر بھی غلط ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہو گئی ہیں۔
