سوئٹزرلینڈ میں معاہدے پر دستخط کےبعدمزیدمذاکرات ہوں گے،ایران

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں معاہدے پر دستخط کے بعد بھی امریکا کے ساتھ مذاکرات کا مزید سلسلہ جاری رہے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کی اقتصادی کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران مذاکرات اور معاہدے کے نفاذ کا پورا عمل ماضی کے تجربات، وعدہ خلافیوں اور اعتماد کی کمی کو سامنے رکھ کر ترتیب دے رہا ہے۔

ادھر ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے مذاکرات کو ایران کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت خطے اور ایران کی مزاحمتی قوتوں کے لیے ایک اعزازی دستاویز ہے۔

قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے مزید کہا کہ معاہدے کے ایک بہت چھوٹے حصے میں معمولی اختلافات تھے تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمان کےسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف اپنی تاریخی مزاحمت کے بعد حتمی فتح کی طرف ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔

محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ آپ کی تاریخی مزاحمت اور مسلح افواج کی جرات کے نتیجے میں ایران نے حتمی فتح کی طرف ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ایران اپنے مؤقف پر قائم رہے گا اور کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

Back to top button