آزاد کشمیر میں حکومت سازی: آصف زرداری کا شہباز شریف سے رابطہ

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر امور کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی سے مذاکرات کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی تین رکنی کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور امیر مقام شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات سے قبل کمیٹی نے آزاد کشمیر میں ن لیگ کی قیادت سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اسمبلی میں پارٹی پوزیشن اور سیاسی جوڑ توڑ پر بھی غور جاری ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیا ہے کہ ن لیگ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے کسی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ ن لیگ اپوزیشن میں بیٹھے گی، اور اس فیصلے میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان قائرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے پیپلز پارٹی کو آگاہ نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے پاس مطلوبہ عددی اکثریت ہوئی تو وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی کوشش کرے گی۔
