آزادکشمیر میں حکومت سازی،پیپلزپارٹی نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

آزاد کشمیر میں  حکومت سازی کیلئےپاکستان پیپلزپارٹی نے اراکین کی حمایت کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

پاکستان تحریک انصاف کے 5 وزرا نے اسلام آباد میں پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور سے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے چودھری رشید، یاسر سلطان، چودھری ارشد، چودھری اخلاق اور سردار محمد حسین آزاد کشمیر میں بطور وزیر امور انجام دے رہے تھے جو اگلی حکومت سازی میں پیپلزپارٹی کی حمایت کریں گے۔

اس کے علاوہ چار اراکین ماجد خان، عاصم شریف بٹ، اکبر ابراہیم اور فہیم ربانی کی بھی فریال تالپور سے ملاقات ہوئی جس کے بعد 27 اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی۔

اس کے علاوہ پی پی رہنما فریال تالپور سے  آزاد کشمیر کے سلطان محمود گروپ کے اراکین کی ملاقات بھی ہوئی جس میں یاسر سلطان ، سردار محمد حسین ، چوہدری ارشد، چوہدری رشید، چوہدری اخلاق شریک تھے۔

علاوہ ازیں بیرسٹر سلطان محمود گروپ نے عدم اعتماد کے لیے پی پی کی حمایت کا اعلان  کیا۔

فریال تالپور کی جانب سے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں اراکین کیلیے آج رات پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی، مہاجرین نشستوں اور بیرسٹر سلطان گروپ کے ارکان شریک ہوں گے۔

بیرسٹر سلطان گروپ کے 5 اور مہاجرین نشستوں کے 5 ارکان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ 30 سے زائد ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں، دو ارکان کی حمایت خفیہ رکھی گئی ہے اور دونوں دھڑوں کی شمولیت کے بعد 30 سے زائد ارکان کا ساتھ حاصل ہوگا۔

Back to top button