گورنر فیصل کنڈی کا خیبرپختونخوا میں بلوچستان طرز کے آپریشن کا مطالبہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گردوں کےخلاف بلوچستان کی نوعیت کے آپریشن کی ضرورت ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جاری آپریشن کو بلوچستان حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے،افغانستان دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے،اسی لیے بارڈرز بند ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ افغانستان سے بارہا کہاکہ بھارت اور اسرائیل اس کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال کررہے ہیں،پاکستان کے خلاف جہاں سے بھی دہشت گردوں کو حمایت ملے گی،وہاں آپریشن کریں گے لہٰذا خیبرپختونخوا میں بھی بلوچستان کی نوعیت کے آپریشن کی ضرورت ہے۔
گورنر کا سیاسی صورت حال پر کہنا تھا کہ سیاسی حالات بدلتے رہتے ہیں،آج مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں،آگے کا کچھ نہیں کہا جاسکتا،گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ مد مقابل تھے بعد میں گلگت بلتستان میں حکومت سازی کےلیے اکٹھے ہوئے اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی ایک دوسرے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
