سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ، ایک گارڈ جاں بحق

 

 

 

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کے قافلے پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندوں کے حملے میں ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تنویر الیاس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹائیں،ڈھلکوٹ کے مقام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک گارڈ جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

فائرنگ کے دوران سابق وزیراعظم کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا،جس کے نتیجے میں ان کے ذاتی محافظ محمد آصف، موقع پر جاں بحق ہوگئے۔واقعے میں قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

فائرنگ کے واقعے کےبعد سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر سردار تنویر الیاس نے اپنا انتخابی دورہ منسوخ کردیا اور وہ واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

بیان میں دعویٰ کیاگیا ہےکہ فائرنگ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے کی۔تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام یا عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ سردار تنویر الیاس آج صبح اسلام آباد سے ایک بڑے قافلے کے ہمراہ دو روزہ انتخابی دورے پر راولاکوٹ روانہ ہوئےتھے۔وہ براستہ ٹائیں،ڈھلکوٹ حلقہ ایل اے-22 پونچھ-5 (پاچھیوٹ) جا رہے تھے،جہاں انہیں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ مختلف انتخابی اجتماعات سے خطاب کرنا تھا۔

واقعے کےبعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے،جب کہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

ڈی آئی جی آزاد کشمیر کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

 

Back to top button