ایران کے شام، اردن،کویت، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملے

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکی حملوں کے جواب میں آپریشن نصر 2 کےتحت شام، کویت، اردن،عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسداران کا کہنا ہےکہ حملے کےدوران ایک ریڈار سسٹم کو تباہ کیاگیا اور متعدد ہیلی کاپٹرز بھی نشانہ بناکر تباہ کیے گئے جس میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی بھی اہلکار ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب کویت کی وزارت بجلی،پانی اور قابلِ تجدید توانائی کا کہنا ہےکہ ایرانی حملے میں ایک پاور جنریشن اور واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جس کےباعث آگ بھڑک اٹھی اور بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیاکہ اردن میں موجود امریکی فوجی طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایاگیا،جس کے نتیجے میں متعدد طیارے تباہ اور دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب عراق کے شہر اربیل میں امریکی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے کئی دھماکہ خیز ڈرونز مار گرائے۔کرد سکیورٹی فورسز کےمطابق صبح کے اوقات میں آٹھ ڈرونز کو تباہ کیاگیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی کارروائیوں سے تنازع پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتا ہے: پاسداران انقلاب
اردن کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے تین ایرانی میزائلوں کو مارگرایا،جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پاسدارانِ انقلاب نے عمان میں بھی امریکی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا ہے،جن میں سمندری نگرانی اور فضائی نگرانی کے ریڈار شامل ہیں۔
