کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا گانے ’’تو جھوم‘‘ سے شاندار آغاز

کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا آغاز کر دیا گیا ہے، سیزن کا پہلا گانا ’’تو جھوم‘‘ طویل انتظار کے بعد ریلیز کر دیا گیا ہے، گانا لیجنڈری گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کی آواز میں گایا گیا۔کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے گانے’تو جھوم‘ کی موسیقی ذوالفقار خان اور المعروف ذوالفی نے ترتیب دی ہے جبکہ اسے موسیقار عبداللہ صدیقی کے ساتھ پروڈیوس کیا ہے۔
’تو جھوم‘ اگرچہ مرکزی گلوکار عابدہ پروین اور نصیبو لال ہیں، تاہم گانے میں دیگر گلوکاروں نے بھی ان کا ساتھ دیا جبکہ گانے کو منفرد بنانے کے لیے نصف درجن سے زائد آرٹسٹوں نے ان کے ہمراہ پرفارمنس بھی کی ہے۔
’تو جھوم‘ کو 14 جنوری کی سہ پہر کو ریلیز کیا گیا جو دیکھتے ہی وائرل ہوگیا اور اسے کچھ ہی دیر میں ہزاروں افراد نے دیکھا،’کوک سٹوڈیو سیزن 14‘ کے باقائدہ آغاز سے قبل ہی ٹوئٹر پر اس کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور لوگوں نے میوزیکل شو سے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔
سیزن 14 کو ریلیز کرنے سے قبل ہی کوک اسٹوڈیو کے تمام سیزنز کو میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ پر بھی ریلیز کیا گیا تھا،’اسپاٹی فائے‘ پر کوک اسٹوڈیو کے تمام سیزن کے علاوہ اس کی خصوصی لسٹس بھی جاری کی گئی تھیں۔
موسیقی کے شائقین افراد ’اسپاٹی فائے’ پر ’وویمن آف کوک اسٹوڈیو پاکستان‘ کے علاوہ ’بیسٹ آف کوک اسٹوڈیو صوفی‘ اور ’کوک اسٹوڈیو پاکستان‘ کے نام کی لسٹس کے ذریعے بھی گانے سن سکتے ہیں۔
پاکستانی ڈرامے سینما میں دکھانے کا نیا ٹرینڈ شروع
’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ میں عابدہ پروین، عاطف اسلم، میشا شفیع، علی سیٹھی، مومنہ مستحسن، حسن رحیم، فارس شفیع، عروج آفتاب، قرت العین بلوچ، زین زوہیب، قراقرم ایوا بی، عبدالوہاب بگٹی، طلال قریشی، عبداللہ صدیقی اور دیگر میوزیکل بینڈ ارکان کے گلوکار و موسیقاروں صلاحیتیں دکھائیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کی کتنی قسطیں ہوں گی اور مجموعی طور پر اس میں کتنے گانے ہوں گے، تاہم ممکنہ طور پر اس کی 5 سے 6 قسطیں ہوں گی۔
