موسلادھاربارش سےشہرقائدڈوب گیا،حادثات میں8افراد جاں بحق

مون سون کی موسلادھابارش سے شہرقائدڈوب گیا،شاہراہیں بند،پانی شہریوں کے گھروں میں داخل،چھتیں گرنےسمیت حادثات میں8افراد جاں بحق ہو گئے۔
منگل کی صبح سے شروع ہونے والی وقفے وقفے کی بارش نے کراچی کو اربن فلڈنگ کی لپیٹ میں لے لیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں قائدآباد، لانڈھی، ملیر، گلشن حدید، لیاقت آباد اور سی ون ایریا میں مکانات میں پانی بھر گیا، جب کہ شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم آر کیانی روڈ سمیت بیشتر مرکزی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔

بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام پیدا ہوگیا اور ہزاروں شہری گھنٹوں پھنسے رہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گلستان جوہر بلاک 12 میں مکان کی دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں ایک بچہ ملبے تلے دب کر دم توڑ گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز مزید بارش کے امکانات ہیں۔ ماہر موسمیات جواد میمن کے مطابق شہر کے اوپر مزید بادل بن رہے ہیں جو بارش کی شدت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست اڑیسہ کے قریب موجود ڈپریشن ایک سے ڈیڑھ دن میں گجرات کی طرف بڑھے گا جس کے اثرات کراچی میں مزید بارش کی صورت میں ظاہر ہوسکتے ہیں۔

Back to top button