حزب اللہ نے اسرائیل اورلبنان کےمعاہدے کو مسترد کردیا

حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکا میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ لبنان حکومت نے اس معاہدے کو قبول کر کے ایک سنگین غلطی کی ہے کیونکہ اس سے اسرائیل کے قبضے کو قانونی جواز ملتا ہے اور لبنان کی خودمختاری متاثر ہوتی ہے۔
سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے جنوبی لبنان سے انخلا کو حزب اللہ کے اسلحے سے مشروط کرنا ہرگز قابل قبول نہیں اور یہ ایسی سرخ لکیر ہے جسے عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ لبنان کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کی صلاحیت برقرار رکھنا ناگزیر ہے اس لیے تنظیم کو غیر مسلح کرنے یا اس کے ہتھیاروں کو کسی بھی بین الاقوامی یا داخلی سیاسی معاہدے سے مشروط نہیں کیا جا سکتا۔
سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے اسرائیل لبنان معاہدے کو کالعدم، قومی خودمختاری کے خلاف اور ذلت آمیز معاہدہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کی جگہ حال ہی میں طے پانے والی امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کو بنیاد بنا کر نیا انتظام وضع کیا جائے۔
