حوثیوں کی بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پرسخت جواب ملےگا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ  اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو  امریکا کو معاملہ خود سنبھالنا پڑےگا، امریکا اس کا جواب دےگا۔

لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ ملاقات کے موقع پر میڈیا سےگفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران بڑی شدت سے ہمارے ساتھ معاہدہ چاہتا ہے اور ہمارے ساتھ دوبارہ ملاقاتیں کرنا چاہتا ہے، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بہت جلد ایران کے علاقے کوہ کلنگ کو نشانہ بنائیں گے، جب تک ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوتا ہمیں اس میں دلچسپی نہیں۔

خبرایجنسی کے مطابق کوہ کلنگ کا علاقہ ایرانی جوہری تنصیب نطنز کے قریب واقع ہے۔ یہ علاقہ ایک انتہائی مضبوط سکیورٹی والے مقام کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں دو ایسے زیر زمین سرنگی کمپلیکس موجود ہیں جن کے بارے میں ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ امریکا کے سب سے طاقتور بنکر شکن بموں کی پہنچ سے بھی باہر ہیں۔یہ مقام ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔

لبنان کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا لبنان کو کئی دہائیوں سے شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے،ہم اب لبنان کی بہت مدد کرنے جا رہے ہیں۔

Back to top button