ہمایوں سعید نے عدنان سے بیوی چرانے کا بدلہ لے لیا؟

ڈرامہ سیریز ‘میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کی بیوی چرانے پر انکے ہاتھوں مار کھانے والے عدنان صدیقی کا شمار حقیقی زندگی میں ہمایوں کے اچھے دوستوں میں ہوتا ہے اور جب بھی دونوں کی ملاقات ہوتی ہے تو یہ کوئی نہ کوئی شغل میلا ضرور لگا لیتے ہیں۔
حال ہی میں عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید کی پرانی فلم کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان سے فرمائش کی کہ وہ 2022 میں کوئی فلم بنائیں اور مجھے مرکزی کردار کیلئے کاسٹ کریں۔ عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید کی 2015 کی کامیاب مصالحہ فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘کا ایک کلپ انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے اپنے دیرینہ دوست سے بولڈ مذاق بھی کیا، عدنان نے فلم کا کلپ شیئر کرتے ہوئے ہمایوں کو یاد دلایا کہ ان کے مقابلے وہ لڑکیوں سے اچھا برتاؤ اور محبت کرتے ہیں۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ جیسے ہی وہ لڑکیوں سے اچھا برتاؤ کرنے لگتے ہیں، خواتین ہمایوں سعید سے دور ہو جاتی ہیں، عدنان صدیقی نے کہا کہ اب ان کی خواہش ہے کہ ہمایوں سعید 2022 میں کوئی فلم بنائیں اور اس میں انہیں وہ مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کریں۔
عدنان کے مطابق ان کی تمنا ہے کہ وہ ہمایوں کی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں اور ہمایوں کا کردار صرف اتنا ہوکہ ان کی تصویر فلم کے کسی سین میں دیوار پر لٹکی نظر آئے۔ عدنان صدیقی نے جو کلپ شیئر کیا، اس میں ہمایوں سعید عدالت میں ایک مرد اور انکی اہلیہ کے درمیان غیر ازدواجی تعلقات کا کیس لڑتے دکھائی دیئے۔
اس مقدمے میں ہمایوں نے عدالت میں عدنان کی جوانی کی تصویر پیش کرتے ہوئے جج کو بتایا کہ ان کے موکل شادی سے پہلے خوبصورت تھے اور اب انہیں دیکھا جائے، جس پر جج بھی ریمارکس دیتے ہیں کہ وہ شخص تباہ ہو چکا۔ہے۔
شوبز جوڑی حبا اورآریز کی شادی کے بعد کیوٹ فائٹ
اس کلپ میں ہمایوں سعید جس شخص کا مقدمہ لڑتے دکھائی دیئے، وہ کوئی اور تھے جبکہ عدالت میں عدنان صدیقی کی تصویر کو اس شخص کی جوانی کی تصویر کے طور پر دکھایا گیا، عدنان کی جانب سے مزاحیہ کلپ شیئر کیے جانے کے فوری بعد ہمایوں سعید نے بھی اس پر کمنٹس کرتے ہوئے دیرینہ دوست سے محبت کا اظہار کیا۔
عدنان صدیقی کی پوسٹ پر دیگر افراد نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے مزاحیہ تبصرے کیے اور لکھا کہ جیسے عدنان نے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں ہمایوں سعید کی بیوی کو چرایا تھا، ویسے ہی فلم میں ہمایوں نے اپنا بدلہ لیا، یاد رہے کہ مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں عدنان صدیقی نے ایک امیر شخص کا کردار ادا کیا تھا، جن سے ہمایوں کی غریب اہلیہ دولت کے لالچ میں عدنان صدیقی سے غیر ازدواجی تعلقات استوار کر بیٹھتی ہیں۔ اس ڈرامے پر خوب تنقید کی گئی تھی۔
’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں ہمایوں سعید نے ایک غریب شخص کا کردار ادا کیا تھا جو ڈرامے میں اہلیہ کی بیوفائی پر آخر میں دلبرداشتہ ہو کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
