ایک انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر کیا ہوسکتی ہے؟

موجودہ عہد میں ایک انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر کیا ہوسکتی ہے؟ اس کا حتمی جواب تو کوئی نہیں دے سکتا مگر سائنسدانوں کے مطابق ایک فرد 194سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق کسی انسان کے لیے ہمیشہ زندہ رہنے کے مقصد کا حصول ممکن ہی نہیں اور وہ ایک خاص عمر تک ہی زندہ رہ سکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ 194 سال آخری حد ہے یعنی اتنے عرصے تک ہی کوئی جسم خود کو مستحکم رکھ سکتا ہے۔

جرنل نیچر میں شائع تحقیق میں اگر کسی طرح ہم بڑھاپے کے راز کو جان بھی لیں تو بھی ہم ہمیشہ زندہ رہنا ممکن نہیں بناسکتے کیونکہ وقت کے ساتھ جینز میں آنے والی تنزلی اور تبدیلیوں کو روکنا ممکن نہیں۔

اس تحقیق میں زندگی بھر کے دوران جینز اور ڈی این اے میں آنے والی تبدیلیوں کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بیشتر تبدیلیاں بے ضرر ہوتی ہیں مگر دیگر تبدیلیوں سے خلیات کو نقصان پہنچتا ہے اور ان کے افعال متاثر ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والی بیماریوں کا سامنا ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق ان تبدیلیوں سے مکمل طور پر بچنا ممکن ہی نہیں اور ان کا سامنا روزمرہ میں خلیات کی تقسیم سے لے کر ماحولیاتی عناصر جیسے وائرسز، مخصوص کیمیکلز یا سورج کی روشنی میں موجود الٹرا وائلٹ شعاعوں کے نتیجے میں ہوسکتا ہے۔

Back to top button