ایران نے کشیدگی بڑھائی تو بھرپور جواب دیں گے، امریکا کی دھمکی

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی یا خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو امریکہ ہر جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے تھے اور امریکہ نے اب تک اس کی مکمل پاسداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر کوئی اعتراض ہے تو وہ براہِ راست رابطے کے ذریعے اپنے تحفظات سے آگاہ کر سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر، جو ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل میں امریکی ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں، نے کہا کہ واشنگٹن اپنے تمام وعدوں کا پابند ہے، تاہم اگر ایران کی جانب سے کوئی جارحانہ اقدام کیا گیا تو اس کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔

ادھر ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ایران پر حالیہ امریکی فضائی کارروائی خلیج میں ایک تجارتی بحری جہاز پر مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کی گئی، جس کا الزام امریکہ نے ایران پر عائد کیا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن خطے میں اپنے مفادات، اتحادیوں اور عالمی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا اور ایران کی جانب سے کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button