ایران کا جوابی وار، امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانے پر لے لیا

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ساحلی علاقوں پر امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں حملوں کے مقام، نوعیت یا ممکنہ نقصانات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم کہا گیا کہ امریکی جارحیت کا جواب دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر حملے کے بعد امریکی فضائیہ نے ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر، ساحلی ریڈار تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے سیریک جزیرے پر کیے گئے امریکی حملے کو ناکام بنا دیا اور اس کے اثرات کو غیر مؤثر کر دیا۔ آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی جارحیت کو ہرگز بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا اور ایران کا ردعمل اپنی مرضی کے وقت، مقام اور انداز میں تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔پاسدارانِ انقلاب نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ کسی قسم کی فوجی کارروائی کی تو اسے اس سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایران کے تازہ دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
