معاہدہ نہ ہوا تو ایرانی پل اور بجلی گھر تباہ کر دینگے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ چند روز میں کوئی معاہدہ نہ ہوا تو امریکا ایران کے بجلی گھروں، توانائی تنصیبات اور پلوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک وہ خود انہیں روکنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔ ان کے بقول ایران پر فوجی دباؤ برقرار رکھا جائے گا تاکہ وہ مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہو جائے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران میں اب بھی کچھ حد تک جنگ لڑنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم ان کے مطابق یہ صلاحیت پہلے کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو امریکا ایران کے تمام اہم بجلی گھروں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور پلوں کو نشانہ بنائے گا۔ ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ امریکی نمائندوں نے منگل کے روز ایران کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں اور تہران پر معاہدہ کرنے کے لیے زور دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا سفارتی راستہ کھلا رکھنا چاہتا ہے، تاہم معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں فوجی کارروائیاں مزید وسیع کی جا سکتی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیوں اور سخت بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے یہ بیانات ان کے انٹرویوز اور عوامی بیانات پر مبنی ہیں۔ ایران کی جانب سے ان دھمکیوں پر فوری سرکاری ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
