جنگ کی صورت میں آبنائے ہرمز کا مکمل کنٹرول سنبھال لیں گے، ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ اگر جنگ کی صورتحال پیدا ہوئی تو آبنائے ہرمز کا مکمل انتظام اور کنٹرول ایران اپنے ہاتھ میں لے لے گا۔

کاظم غریب آبادی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے ممکنہ اقدامات عمان کی خودمختاری کے خلاف نہیں ہوں گے، بلکہ ان کا مقصد صرف ایران کی قومی سلامتی کا تحفظ ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں قومی سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر آبنائے ہرمز پر مؤثر کنٹرول انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ آبنائے ہرمز کو اس کی قومی سلامتی کے خلاف استعمال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت اب مؤثر نہیں رہی کیونکہ واشنگٹن نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے عملاً ختم کر دیا ہے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد ایران خود کو اس مفاہمتی یادداشت کا پابند نہیں سمجھتا۔ ان کے بقول اگر جنگ مسلط کی گئی تو ایران آبنائے ہرمز کے مکمل انتظام اور نگرانی کی ذمہ داری خود سنبھال لے گا۔

خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی سلامتی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

Back to top button