ایران کے بحرین اور کویت میں اسلحہ کے ذخائر پر جوابی حملے

امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین اور کویت میں دشمن کے اسلحہ ذخائر اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ کارروائیاں ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کی علی سالم ایئربیس میں موجود ڈرون لانچنگ پیڈ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق یہ حملہ امریکی فوجی کارروائیوں کے ردعمل میں کیا گیا۔ایرانی فورسز نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جب تک خطے میں امریکی فوجی موجودگی برقرار رہے گی، تیل اور گیس کی ترسیل معمول پر نہیں آ سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جارحانہ کارروائیوں کا نتیجہ صرف آبنائے ہرمز کی بحری آمدورفت کی بحالی میں مزید تاخیر کی صورت میں نکلے گا۔پاسدارانِ انقلاب نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو اس کا جواب مزید سخت انداز میں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بحرین اور کویت میں حملوں اور نقصانات سے متعلق یہ دعوے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے بیان پر مبنی ہیں۔ ان دعوؤں کی بحرین، کویت یا امریکی حکام کی جانب سے آزادانہ تصدیق یا باضابطہ توثیق سامنے نہیں آئی۔

Back to top button