آئی ایم ایف کے پاس معاہدہ نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، اب آئی ایم ایف کے پاس معاہدہ نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔
لاہور میں شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ایک ٹوٹا پھوٹا معاہدہ حکومت کو جھولی میں ملا تھا جس کے لیے آج تک لکیریں کھنچوائی جا رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں آخری شرط دوست ممالک سے چند ارب ڈالر لانا تھی، چین نے دو ماہ پہلے اندازہ لگایا کہ پاکستان کو مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے، چین نے ہمارا دو ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کیا۔
انہوں نے کہا کہ دوست ملکوں سے قرض کی شرط پوری کرنے کے لیے وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ کے ساتھ آرمی چیف نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں جھرلو الیکشن ہوئے، لوگ ن لیگ کو ووٹ ڈالنا چاہتے تھے لیکن ڈل کہیں اور گئے، 2018 میں دیہات میں فوری نتائج آ رہے تھے اور شہروں کے نتائج میں کئی کئی ہفتے لگے، جعلی الیکشن نے 22 کروڑ عوام سے پاکستان کی ترقی کا منصوبہ چھین لیا۔
